پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لیں، پہلے مرحلے میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں پانچویں جماعت تک یکساں نصاب رائج کیا جائے گا، یکساں نصاب اگلے تعلیمی سال سے شروع ہوگا۔
خیبر پختونخوا میں پہلی مرتبہ یکساں نصاب تعلیم رائج کیا جا رہا ہے جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد یکسان نظام تعلیم رواں سال ماہ اگست سے شروع کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں پانچویں جماعت تک یکساں نصاب رائج کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ یکساں نصاب اگلے تعلیمی سال سے شروع ہوگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبے میں یکساں نصاب تعلیم رائج ہونے سے سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے درمیان تفریقات کا خاتمہ بھی ممکن ہوگا۔
صوبے میں پرائمری سے یکساں نصاب تعلیم سے تمام شہروں اور دیہی علاقوں کے بچے بلا صنفی، سماجی و معاشی امتیاز کم و بیش یکساں کورس پڑھیں گے اور ان کا امتحان بھی یکساں انداز میں لیا جائے گا۔