تمام صوبوں میں ایک ساتھ کورونا ویکسی نیشن کا آغاز احسن اقدام: شبلی فراز

Published On 03 February,2021 11:30 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ تمام صوبوں میں ایک ساتھ کورونا ویکسی نیشن کا آغاز احسن اقدام ہے، تمام وفاقی اکائیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا، عوام کی صحت اور روزگار کا تحفظ نئے پاکستان میں اولین ترجیح ہے۔

 دوسری جانب ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہوگیا۔ وفاق میں اسد عمر اور صوبوں میں وزرا ئے اعلیٰ نے افتتاح کیا، پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی، پہلی ڈوز کے 21 دن بعد دوسرا انجکشن لگے گا، ہر شہری کو ویکسین مفت لگائی جائے گی۔

 کراچی کے ڈاوؤ ہسپتال میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر صحت سندھ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وائس چانسلر ڈاو یونیورسٹی نے ویکسین سینٹر میں انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے ویکسین فراہم کرنے پر چین اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں بھی کورونا ویکسی نیشن کی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا شریک ہوئے۔ نصیر اللہ بابر ہسپتال کے ڈاکٹر کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ محمود خان نے کورونا ویکسینیشن کا افتتاح کیا۔

بلوچستان میں بھی مہم کا آغاز ہوگیا۔ کوئٹہ میں ہونے والی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان شریک ہوئے۔ اس موقع پر ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ جام کمال کا کہنا تھا ویکسی نیشن کے عمل کو بتدریج آگے بڑھائیں گے، بلوچستان میں 8 ہزار کے قریب ہیلتھ ورکرز ہیں۔

 

Advertisement