اسلام آباد: (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے حج 2021ء کے سلسلے میں پاکستان کے ساتھ ابھی تک مفاہمتی یادداشت پر دستخط نہیں کیے، پاکستانی حاجیوں کیلئے شرائط میں نرمی پر سعودی حکام سے بات چیت کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو حج پر آنے والوں کیلئے قواعد وضوابط بنانے سے پہلے کورونا کی صورتحال واضح ہونے کا انتظار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت حج کے دوران لوگوں کو پیش آنے والے مسائل سے بخوبی واقف ہے، اس حوالے سے سعودی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
نور الحق قادری نے کہا کہ گزشتہ برس بھی کورونا وائرس کی وجہ سے صرف 10 ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ سعودی حکومت کورونا وائرس کے صورتحال کی سخت نگرانی اور تمام ممالک سے اعدادوشمار جمع کر رہی ہے، صورتحال بہتر ہونے پر سعودی حکومت پاکستان کو فوری آگاہ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پاکستان اور سعودی حکومت کے درمیان امور پر تبادلہ خیال ہو چکا ہے، صورتحال بہتر ہونے پر حج انتظامات کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان سے حج 2021ء میں شرکت کرنے والے عازمین کی تعداد نہیں بتا سکتے، اس کیلئے سعودی حکومت کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے یہ واضح کر دیا ہے کہ حج کے دوران کورونا پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ حکومت پاکستان حج پر جانے والوں کو کورونا ویکسین فراہم کرے گی، میڈیا حاجیوں کیلئے خصوصی آگاہی مہم چلائے۔