مکہ: (ویب ڈیسک) سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے آئندہ حج میں عازمین کو منظم خدمات فراہم کرنے کےلیے ڈیجیٹل کارڈز کے منصوبے کو حتمی طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
اے پی پی کے مطابق ڈیجیٹل کارڈز کے ذریعے عازمین حج کے بارے میں تمام معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔ ڈیجیٹل کارڈز ’این ایف سی‘ سسٹم کے تحت کام کریں گے جنہیں سکین کرکے تمام معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔
آئندہ حج سیزن 1442 ہجری میں تمام عازمین کے لیے ڈیجیٹل کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ مجوزہ ڈیجیٹل کارڈز کے بارے میں وزارت کا کہنا ہے کہ نئے تیار کیے جانے والے کارڈز میں ’بارکوڈ‘ کے ذریعے عازم حج کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔
ان میں عازمین حج کی رہائش، آمد و روانگی کا پروگرام، مشاعر مقدسہ میں ان کے قیام کا مقام اور حج پرمٹ وغیرہ کے بارے میں کارڈ کو سکین کرکے معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔
ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے مشاعر مقدسہ میں خودکار مشینوں کے ذریعے حجاج کے رہائشی خیموں کے بارے میں بھی آسانی سے معلوم کیا جا سکے گا۔