لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے بند کر دی گئی، لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھندمیں راستے گم، صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، پنجاب کے دیگر شہروں میں کئی مقامات پر صبح کے اوقات میں حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو بند کرنا پڑا۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
دھند بڑھنے کی وجہ سے لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹس کا شیڈول متاثر ہوا، پروازوں کے منسوخ ہونے اور فلائٹس لیٹ ہونے پر مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔