محکمہ موسمیات نے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی

Published On 31 January,2021 04:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے، ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

تفصیل کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔

تاہم رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا ہے۔

اتوار کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 14، استور منفی 12، سکردو، اننت ناگ منفی 10، گوپس، سری نگر منفی 9، کالام، ہنزہ منفی 7، گلگت اور بگروٹ میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement