پاک چین تعلقات کو دنیا کیلئے رول ماڈل بنائیں گے، چینی سفیر نونگ رونگ

Published On 14 February,2021 04:36 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط پاک چین تعلقات کو دنیا کے لیے رول ماڈل بنائے گا۔

چینی سفیر نے پاک چین دوستی کو مستقبل میں ایک نئی جہت دینے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے چین کسی بھی رکاوٹ کو عبور کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔

یہ بات انہوں نے کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی کی سربراہی میں کامسیٹس کے ایک اعلیٰ سطح وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے ان کے ساتھ ملاقات کی۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چینی حکومت کامسیٹس کے رکن ممالک میں ادارہ سازی کے شعبے میں تحقیقی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے اورچین کی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے علاوہ بین الاقوامی سائنس تنظیموں کے چینی اتحاد کے ساتھ بھی مختلف مشترکہ پروگرامز کا آغاز کر سکتی ہے۔

چینی سفیر کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کامسیٹس کے چار رکنی وفد میں میجر جنرل (ر) محمد طاہر، مشیر برائے چین ڈیسک کے ساتھ کامسیٹس کے مشیر برائے پروگرام مسٹر تجمل حسین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرام، انجینئر قیصر نواب بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے میں منعقدہ اس ملاقات میں سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق پہلی سیکریٹری مسٹر جیاوی اور سفارتخانے میں ڈائریکٹر پولیٹیکل اینڈ پریس سیکشن باؤ ژونگ نے بھی شرکت کی۔

چینی سفیر رونگ نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کامسیٹس کے فعال کردار سے آگاہی پر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چینی سفارت خانہ مختلف امور پرادراک کے لیے ہرطرح کا تعاون فراہم کرے گا۔

نوگ رونگ نے کامسیٹس کے وفد کو آگاہ کیا کہ اس تعارفی ملاقات کے نتیجے میں انہیں کامسیٹس کے پروگرامز اور سرگرمیوں کے بارے میں جاننے کا بھرپور موقع ملا جس سے چین کے سفارت خانے کومستقبل میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

اس ملاقات میں یہ توقع بھی ظاہر کی گئی کہ خطے کے دونوں اہم ممالک ملکر جنوبی جنوب خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی رفتار کو مزیدتیز تر بنانے کے لیے اپنی ذمے داریوں کو پہلے سے زیا دہ بہتر طریقے سے نبھائیں گے۔
 

Advertisement