اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں 65 سال اور زائد عمر کے بزرگ شہریوں کیلئے انسداد کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 65 سال اور اس سے زائد عمر کے شہری رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، بزرگ شہری رجسٹریشن کیلئے شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجیں، 65 سال اور زیادہ عمر کے شہریوں کو ویکسین مارچ سے لگنا شروع ہوگی۔
Pleased to announce that registration for getting covid vaccine is now open for all citizens 65 and above. Just write down ur CNIC number and send message on 1166. Inshallah vaccinations for this age group will start in march
— Asad Umar (@Asad_Umar) February 15, 2021
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 12 ہزار 333 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 77 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 64 ہزار 268، سندھ میں 2 لاکھ 53 ہزار 762، خیبر پختونخوا میں 69 ہزار 990، بلوچستان میں 18 ہزار 942، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 940، اسلام آباد میں 42 ہزار 688 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 487 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 84 لاکھ 66 ہزار 117 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 19 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 25 ہزار 997 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 680 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 12 ہزار 333 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 51، سندھ میں 4 ہزار 219، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 995، اسلام آباد میں 486، بلوچستان میں 199، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 281 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔