لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ہیلتھ ورکرز کی کورونا ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں تیسرے روز 2 ہزار 645 فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی گئی، صوبے میں مجموعی طور پر اب تک 7 ہزار 349 ورکرز کو ویکسین لگی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق خالق دینا ہال میں 619، جناح ہسپتال میں 233 ورکرز کو ویکیسن لگائی گئی۔ ڈاؤ ہسپتال میں 190، قطر ہسپتال میں 158 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگی۔ سندھ گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال میں 72، لیاقت آباد ہسپتال میں 72، نیو کراچی ہسپتال میں 97، سندھ گورنمنٹ ہسپتال کورنگی میں 262 ورکرز کو ویکسین لگائی گئی۔ ضلع ملیر میں 458، جامشورو 115، شہید بینظیر آباد میں 415 ویکسین لگیں۔
پنجاب کے ہیلتھ پروفیشنلز کو بھی کرونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ میو، جناح، سروسز کے بعد شہر کے مزید تین بڑے تدریسی ہسپتالوں میں کرونا ویکسین کا آغاز ہوگیا۔ چلڈرن ہسپتال، لاہور جنرل ہسپتال اور پی آئی سی میں بھی آج کرونا ویکسین کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق نے کرونا ویکسین لگوا کر مہم کا افتتاح کیا۔ چلڈرن ہسپتال میں 4 ہزار ہیلتھ پروفیشنلز کو کرونا ویکسین لگائے جائے گی۔ لاہور جنرل ہسپتال میں 6 ہزار ہیلتھ پروفیشنلز کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی جبکہ پی آئی سی میں 3 ہزار ہیلتھ پروفیشنلز کو کرونا ویکسین لگے گی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 28 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 914 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 53 ہزار 128 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 286 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 60 ہزار 162، سندھ میں 2 لاکھ 50 ہزار 43، خیبر پختونخوا میں 68 ہزار 180، بلوچستان میں 18 ہزار 849، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 915، اسلام آباد میں 41 ہزار 819 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 160 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 81 لاکھ 55 ہزار 766 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 319 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 53 ہزار 128 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 908 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 28 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار 914 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 854، سندھ میں 4 ہزار 66، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 948، اسلام آباد میں 478، بلوچستان میں 196، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 270 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔