وزیر آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں پنجاب کی بات کی تو حکومت کو مرچیں لگ گئیں، پنجاب کی بیٹی ہوں بات کیوں نہ کروں؟ نواز شریف، شہباز شریف کے بغیر پنجاب لاوارث نہیں یتیم ہو گیا۔
مریم نواز کا وزیر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں یہاں ووٹ مانگنے نہیں نواز شریف اور شہباز شریف کا دور یاد کرانے آئی ہوں۔ کہتے ہیں کہ میں پنجاب کارڈ کھیل رہی ہوں۔ جب خیبر پختونخوا اور بلوچستان جاتی ہوں تو ان کی بات بھی کرتی ہوں، مریم نواز پاکستان کی بیٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج تاجر، کسان، دیہاڑی دار اور مزدور سمیت ہر کوئی خوار ہو رہا ہے۔ لوگوں کے پاس روٹی، دودھ، آٹے اور چینی کے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ انشاء اللہ نواز شریف آئے گا اور سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ 500 ارب کی دوائیاں چوری کر لی گئی، پندرہ ہزار ارب کا قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی، پشاور کی میٹرو 125 ارب میں بنائی جو چلتی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں پنجاب کا آٹا اور چینی چھیننے کی بات آئے گی تو میں ہمیشہ پنجابیوں کے ساتھ کھڑی ہونگی۔