لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ارب پتی افراد کو امیدوار بنایا، بائیس سالہ جدوجہد میں کوئی ایسا شخص نہیں ملا جس کو ٹکٹ دے سکیں، حکمران جماعت کیخلاف ہر صوبے سے اپنے ہی لوگ کھڑے ہوگئے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما نے وزیر آباد روانگی سے پہلے جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو حالات چل رہے ہیں، یہ نہ ہو سینیٹ الیکشن کے دوران تحریک عدم اعتماد آ جائے، پیرا شوٹ کے ذریعے ٹکٹ لینے والے عوام کے غضب کا سامنا کریں گے، حکومت اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، سرجری کیلئے باہر جانا ضروری لیکن ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے درخواست نہیں دوں گی، باہر نہیں جاؤں گی، اب آپ کو جانا پڑے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے سینیٹ میں اچھے لوگ آئیں، مسلم لیگ (ن) نے عام آدمی کو سینیٹ ٹکٹ دیا، اپنے قائد نواز شریف اور پارٹی قیادت پر فخر ہے، ن لیگ نے ان کو ٹکٹ دیا جن کی سیاسی جدوجہد ہے، ن لیگ نے عوام کی صحیح نمائندگی کا حق ادا کیا، یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں، پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود ٹوٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی ایک حد تک ہوسکتی ہے، عوام کھڑے ہو جائیں تو دھاندلی نہیں ہو سکتی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ ن لیگ کا شہر ہے، ہم پر امن طریقے سے الیکشن مہم چلا رہے ہیں، پر امن ریلی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو جواب دیا جائے گا، وہ بات کرتی ہوں جس کا مجھے ذاتی طور پر علم ہوتا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، عوام کے اندر بے چینی ہے، وہ مہنگائی سے تنگ ہیں۔