اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس آج بلالیا، سینیٹ الیکشن کی ٹکٹوں کے حوالے سے مشاورت ہوگی، حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر بات چیت بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی زیر صدارت مہنگائی اور بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس آج ہو گا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی معاشی ٹیم، وفاقی و صوبائی وزراء سمیت صوبائی اعلی حکام شریک ہوں گے۔ اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نئی منڈیوں کے قیام میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گندم کی خریداری اور فراہمی سے متعلق امور پر غور ہوگا۔ وزیر خزانہ گندم خریداری، ترسیل اور سٹوریج سے متعلق پلان پیش کریں گے۔ ماہ رمضان میں اشیاء کی فراہمی، ترسیل اور قیمتوں سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔