نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ میں اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ عالمی ادارہ تمام امن فوجیوں کو کورونا کے خلاف ویکسین کی جلد اور مساویانہ فراہمی یقینی بنائے گا۔
امن کارروائیوں کے بارے میں خصوصی کمیٹی کے ابتدائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ ہمارے تمام امن فوجی انتہائی اہم کارکن ہیں۔
انہوں نے امن افواج کا تسلسل برقرار رکھنے اور کورونا کے تباہ کن بحران میں امن فوجیوں کے تحفظ کے لئے اقدامات پر اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔
مستقل مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کی امن کارروائیاں کامیابی کی ایک مثال ہیں اور پاکستان کو فخر ہے کہ اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں اس کے دو لاکھ فوجی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کو فوری کارروائی کرنے والے یونٹوں، ہوا بازی، انٹیلی جنس، ہسپتالوں، ڈرونز اور سیٹلائٹ مواصلات سمیت بہترین سہولتوں سے لیس ہونا چاہیے تاکہ ان کا تحفظ اور سلامتی یقینی بن سکے ۔