اقوام متحدہ کی مذہبی مقامات کے تحفظ کی قرارداد کی متفقہ منظوری

Published On 22 January,2021 06:38 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے مذہبی مقامات کے تحفظ کی قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دیدی ہے۔

یہ قرارداد پاکستان، سعودی عرب اور او آئی سی کے دوسرے ممالک نے پیش کی تھی۔ قرارداد میں پوری دنیاخصوصاً بھارت میں مذہبی مقامات کے خلاف پُرتشدددھمکیوں، تباہی اور نقصان پہنچانے کے اقدامات کی مذمت کی گئی۔

قرارداد میں کسی بھی مذہبی مقام کی طاقت کے زورپر منتقلی یا اسے ختم کرنے کے اقدام کی مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد میں بڑھتی ہوئی نسلی ومذہبی عدم برداشت اورمذاہب کے منفی دقیانوسی تصورات کے بارے میں تحفظات کا اظہارجبکہ کسی بھی ایسی قومی، مذہبی یانسلی منافرت کی مذمت کی گئی ہے جس سے امتیازی سلوک ، دشمنی یا تشدد کے رویوں کوتقویت ملے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان مذہبی مقامات پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کیلئے اپنا نمایاں کردارادا کرتا رہے گا۔

 

Advertisement