لاہور: (دنیا نیوز) صوبہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث سیالکوٹ موٹروے اور ایم تھری کو بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے شہریوں کو ان روٹس پر سفر سے اجتناب کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے اتھارٹی کے مطابق ان ایم تھری کو شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بند کیا گیا ہے۔ قومی شاہراہوں پر ان علاقوں میں حد نگاہ 20 میٹر ہے۔
سفر کرنے والوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ تاہم اگر بہت ضروری ہو تو آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔
اس کے علاوہ تیز رفتاری سے پرہیز اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔ روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھ بھی معلومات لی جا سکتی ہے۔
ادھر لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی شدید دھند کے باعث شام 06:45 بجے سے بند کر دیا گیا ہے۔ اس قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر سے کم ہے۔
ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موٹروے مسافروں کی حفاظت کے لیے بند کی گئی ہے۔ مسافر دھند میں لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سفر سے پرہیز کریں۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سفر کرنے سے پہلے 1124 پر کال کرکے دھند کی صورتحال کا پتا کر لیں۔