عمران خان مافیا کا سربراہ، رخصت کرنے کا وقت آ گیا: مریم نواز

Published On 17 February,2021 07:53 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ وقت جلد دور نہیں جب عوام ووٹ کی طاقت سے بدلہ لیں گے۔ ملک میں مافیا کا سربراہ اور سرغنہ عمران خان ہے۔ اسے رخصت کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

 

نوشہرہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ قومی وطن پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف، مولانا فضل الرحمان اور خصوصی طور پر مولانا عطاء الرحمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کے ساتھ تعاون کیا اور اپنے امیدوار کو ن لیگ کے حق میں دستبردار کرایا۔ اپنی عزت اور حوصلہ افزائی کی بھی مشکور ہوں۔

ضمنی الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ ڈسکہ جاؤں اور نوشہرہ نہ جاؤں، مجھے پشتو زبان سے بہت پیار ہے۔ مجھے جتنی ہمدردی پنجاب سے ہے، سندھ سے ہے، بلوچستان سے ہے اس سے زیادہ ہمدردی خیبرپختونخوا سے ہے،اس کی وجہ نالائقی ، چوری اور ڈکیتی سمیت دیگر مسائل صوبہ 8 سال سے برداشت کر رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں غریب کا چولہا جل رہا تھا، سابق دور میں آٹا، چینی، دالیں، انڈے سستے تھے، سابق حکومت میں گیس اور پٹرول سستا تھا۔ کے پی کے پولیس مجھے کہہ رہی ہے کہ اس نا اہلی سے جان چھڑاؤ۔

یہ بھی پڑھیں: لانگ مارچ عمران خان کو گھر بھیجنے کا آخری چانس ہے: مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی حکومت میں ترقی کی شرح 5.8 فیصد تھی ، پی ٹی آئی حکومت میں یہ منفی نہیں بلکہ ترقی زمین سے نیچے چلی گئی ہے۔ ہمارے دور میں آٹے کی قیمت 35 روپے کلو تھی اب یہ قیمت 80 روپے کلو ہو گئی ہے۔ ہمارے دور میں روٹی 5 روپے کی تھی اور آج اس کی قیمت 20 روپے سے بھی زائد ہو گئی ہے۔ دوسروں کو چور کہتا ہے یہ خود چور ہے، اس کا حساب جلد ہو گا۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے جہاں جہاں بھی الیکشن میں حصہ لیں گے یہ شکست کھائیں گے۔ عوام کو کہنا چاہتی ہوں کہ جب یہ لوگ ووٹ لینے آئیں تو ان کو بجلی کا بل، گیس کا بل اور دوائیوں کی پرچی دکھانا اور پی ٹی آئی والوں کو کہنا کس منہ سے ووٹ مانگنے آئے ہو۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مافیا کا سربراہ اور سرغنہ عمران خان ہے۔ اسے رخصت کرنے کا وقت آ گیا ہے، عوام ، نوجوانوں ، بزرگوں اور بیٹیوں سے کہتی ہوں کہ عمران خان کو ووٹ نہیں دینا۔ 19 فروری نوشہرہ اور وزیر آباد میں ن لیگ جیتے گی اور عوام کا فیصلہ شیر ہو گا۔

 

Advertisement