ترسیلی لائنوں کی مرمت، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کچھ دن بند رہے گا

Published On 18 February,2021 08:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ ترسیلی لائنوں کی مرمت کے لیے 18 سے 26 فروری تک بند رہے گا۔ این پی سی سی نے پلانٹ کی بندش کی اجازت دے دی ہے۔ پاور ہاؤس میں بجلی کے پیداواری یونٹس کی مرمت بھی کی جائے گی۔

نیشنل پاور کنٹرول سینٹر نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو ترسیلی لائن کی مرمت کے لئے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کی 18 فروری سے 26 فروری تک بندش کی اجازت دے دی ہے۔

این پی سی سی کی جانب سے پلانٹ کی بندش پانی کے کم بہاؤ کے سیزن کے دوران دی گئی ہے تاکہ بجلی کی پیداوار کا نقصان کم سے کم ہو۔

ترجمان واپڈا کے مطابق این ٹی ڈی سی کی ترسیلی لائنوں کی مرمت کے دوران ہی نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی کی جانب سے پاور ہاؤس میں بجلی کے پیداواری یونٹس کی مرمت بھی کی جائے گی۔

اسی دوران ڈیم سائٹ پر واٹر ریگولیشن سے متعلق الیکٹریکل اور مکینیکل آلات کی سالانہ مرمت کا کام بھی سرانجام دیا جائے گا۔

این پی سی سی کی اجازت کے مطابق نیلم جہلم پاور پلانٹ 18 فروری سے 26 فروری تک بند رہے گا۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ سے اپریل 2018ء میں بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوا تھا اور یہ اب تک نیشنل گرڈ کو ساڑھے گیارہ ارب یونٹ پن بجلی مہیا کر چکا ہے۔

 

Advertisement