سندھ حکومت کا کچرے سے بجلی بنانے کا فیصلہ

Published On 08 January,2021 06:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ ماحول دوست ہے۔ پالیسی بنا کر دو ہفتوں میں وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی جائے گی۔

تفصیل کے مطابق کراچی میں کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبے کو قابلِ عمل بنانے کیلئے سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کی مشترکہ صدارت میں اجلاس ہوا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں روزانہ 8 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس سے 200 میگا واٹ تک بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا کراچی کے کچرے کو ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکتا ہے اور اس کیساتھ اس سے بجلی بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبے پر کام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھاتے ہوئے حتمی پالیسی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرنے کیلئے مکمل کی جائے گی۔ پالیسی رپورٹ کی تیاری کیلئے سیکریٹری بلدیات کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
 

Advertisement