اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گراتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں 18 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔
پاور ڈویژن نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق کے الیکٹرک کے سوائے تمام 10 ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کیلئے بجلی مہنگی کر دی گئی ہے۔
بجلی کے نرخوں میں اضافے کا اطلاق یکم دسمبر 2020ء سے ہوگا۔ نوٹفیکیشن کے مطابق بجلی قیمت میں اضافہ آئندہ دس ماہ کے بلوں میں آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا جون 2021ء تک نئی قومی بجلی پالیسی لانے کا فیصلہ، مسودہ تیار
دوسری جانب وفاقی حکومت نے جون 2021ء تک نئی قومی بجلی پالیسی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل سے منظوری لی جائے گی۔
مسودے میں بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ بروقت کرنے، سہ ماہی اور ماہانہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں تاخیر نہ کرنے سمیت 6 رہنما اصول تجویز کئے گئے ہیں۔ مسابقت، شفافیت اور استعداد کار رہنما اصولوں میں شامل ہیں۔
ماحولیاتی ذمہ داری اور مقامی تحقیق وترقی رہنما اصولوں میں شامل ہیں۔ پاور سیکٹر کیلئے مربوط انرجی پلان پالیسی ڈرافٹ کا حصہ ہے۔ مجوزہ پالیسی کے تحت بجلی کی پیداوار اور ترسیل پر توجہ دی جائے گی۔ پالیسی کے تحت مسابقت اور شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔