اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیر آباد کا الیکشن شفاف اور ڈسکہ میں دھاندلی عجب منطق ہے، ڈسکہ کی عوام نے فیصلہ دے دیا ہے ووٹ کو عزت دیں اور نتائج قبول کریں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ کا کہنا تھا کہ کیلبری کوئین ہمیشہ کی طرح جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں، جس نے سراپا جھوٹ دیکھنا ہو وہ محترمہ کو دیکھ لے، واضح شکست نظر آنے کے بعد مریم اور انکے حواری سرِ شام ہی دھاندلی کا رونا رونے لگ گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر آباد کا الیکشن شفاف اور ڈسکہ میں دھاندلی عجب منطق ہے، جہاں جیتے وہاں نواز شریف کے بیانیے کی فتح جہاں ہار جائیں دھاندلی کا رونا، عوام کو چکمہ دینا چھوڑ دیں کیونکہ عوام اب آپکے فریب میں آنے والی نہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ڈسکہ کے عوام نے فیصلہ دے دیا ہے ووٹ کو عزت دیں اور نتائج قبول کریں، کیلبری کوئیں ووٹ کو عزت دینے کے بجائے مجھے کیوں نکالا کا واویلا کرتی نظر آئیں گی۔