اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ سردی میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، اگر آپ سلیکٹڈ ہیں پھر بھی آپ کو عوام کا خیال رکھنا چاہیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے ڈی چوک اسلام آباد پر لگائے گئے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار سے پہلے بڑے بڑے بیانات دیئے جاتے ہیں، اقتدار کے بعد آپ اتنے مجبور ہوگئے ہیں کہ اپنا فرض بھول گئے، ایسے اقتدار میں نہ ہونا اچھا ہے، روز محشر کو یاد رکھیں، حکمرانوں کی پوچھ کچھ ہوگی، ریاست کا فرض ہے شہریوں کا تحفظ کرے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اوپن بیلٹ کا معاملہ عدالت لے جاسکتے ہیں تو ان کا مقدمہ بھی لے جایا جاسکتا ہے، لاپتہ افراد میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو قصوروار نہیں، کیا انسان کی مجبوریاں وطن کے فرض سے بڑی ہوتی ہیں؟۔