صدر کا جاپان کے ساتھ اعلیٰ سطح پر دوطرفہ تبادلے بڑھانے پرزور

Published On 22 February,2021 10:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں خوشگوار تعلقات ہیں ۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر سے پیر کے روز اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ۔

صدر نے کہاکہ جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں موجود کاروبار کے بے شمار مواقع خصوصاً زراعت، آٹو موبائیل ، انفارمیشن اور کپڑے کی صنعت میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے قرضوں پر سود کی ادائیگی معطل کرنے کے اقدام کے تحت قرضوں کی واپسی معطل کرنے کے جاپان کے فیصلے کو سراہا ۔

صدر نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے دوطرفہ تبادلوں کو اعلی ترین سطح پر تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جاپان کے سفیر نے حال ہی میں پاک بحریہ کی کثیرالملکی بحری مشق امن 2021 کے مکمل ہونے پر صدر کو مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے دنیا کے مختلف حصوں کے ممالک مشترکہ مقصد کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے۔
 

Advertisement