آن لائن کام کرنیوالے ملازمین کیلئے 'موبائل آفس'

Published On 12 February,2021 06:03 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر آن لائن کام کرنیوالے ملازمین کیلئے 'موبائل آفس' کی سہولت قائم کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعدد دفاتر کی جانب سے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وبا سے قبل 2019 میں جاپان میں  ٹیلی کیوبز  کی سہولت سامنے آئی تھی جو کہ ملک میں عوامی مقامات پر لگائے گئے تھے تا کہ گھر میں آن لائن کام کرنے والے ملازمین اپنی آسانی کے لیے یہاں بیٹھ کر سکون سے کام کرسکیں۔

ان ٹیلی کیوبز کا مقصد ملازمین کو کہیں بھی بیٹھ کر کام کرنے کی سہولت فراہم کرنا تھا کیونکہ اکثر ملازمین بزنس ٹرپ اور چھٹیوں میں کام نہیں کر پاتے تھے۔

ٹیلی کیوبز کو پورے جاپان کے مختلف علاقوں میں رکھا گیا تھا جسکے تحت ملازمین اپنے گھر سے قریب کسی بھی ٹیلی کیوب میں بیٹھ کر سکون سے کام کر سکتے تھے۔ اب جب کورونا نے دنیا کو جکڑ کر رکھ لیا تو اس صورتحال میں ان ٹیلی کیوبز کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

یہ ٹیلی کیوبز ساؤنڈ پروف ہوتی ہیں یعنی ان میں بیٹھنے والے کو باہر کی آواز اور شور شرابا نہیں سنائی دے گا جبکہ اس میں ڈیسک، کمپیوٹر، پاور آؤٹ لیٹس اور کمپیوٹر میں ویڈیو کانفرنسنگ سافٹ ویئر موجود ہیں تاکہ یہاں آکر صارف سکون سے دفتری امور انجام دے سکیں۔

ٹیلی کیوب میں کام کرنے والی ایک صارف کا کہنا ہے گھر یا باہر کافی شاپ پر آن لائن میٹنگز کرنا بہت مشکل تھا اب اس ٹیلی کیوب سے ان کا یہ مسئلہ حل ہو گیا۔

علاوہ ازیں ان ٹیلی کیوبز میں وینٹی لیشن سسٹم بھی موجود ہے جس سے کورونا وائرس کے خطرات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔
 

Advertisement