اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ 3 مارچ تاریخی دن ہوگا، ہم ہی کامیاب ہوں گے۔ چاہتے ہیں سینیٹ الیکشن شفاف ہوں اور اس میں خرید وفروخت نہ ہو۔ لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ میرا خاندان 70 سال سے سیاست اور پبلک سروس میں ہے۔ میرے نانا وزیراعلیٰ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادی ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کے عوام ایوان میں صاف شفاف قیادت دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما امن الحق کا کہنا تھا کہ زبیدہ جلال کے گھر تمام حکومتی اتحادی اکٹھے ہوئے۔ ایم کیو ایم کا فیصلہ ہے حکومت کا ساتھ دیں گے۔ پارلیمنٹ کی بالادستی اور کرپشن کیخلاف حکومت کے ساتھ ہیں۔ ہم نے کسی موقع پر وزارت کی بات نہیں کی۔ سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ 13 سال میں پیپلز پارٹی نے کراچی کو 13 بسیں اور 13 گیلن پانی نہیں دیا۔
فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن بہت اہمیت رکھتا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اہم کردار ادا کیا۔ دوسرے صوبے بھی پنجاب کی تقلید کریں۔ کرپشن کا راستہ بند کرنا ہوگا۔ جی ڈی اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے۔