حفیظ شیخ کی جیت اپوزیشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، فواد چودھری

Published On 02 March,2021 05:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی سیاست آخری دموں پر ہے، عبدالحفیظ شیخ کی سینیٹ الیکشن میں فتح ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔

فواد چودھری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن آخری بڑا سیاسی معرکہ ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا اتنا قد کاٹھ نہیں، اپوزیشن سیاسی چورن بیچنے میں ناکام ہوئی۔ مریم نواز جلسوں اور بلاول پارلیمان میں ناکام ہوئے۔ یہ باتیں انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کے 3 ارکان کو اٹھا لیا گیا۔ ایک رکن اسمبلی فلور پر اپنی آپ بیتی سنانے آئے تو اسے روک دیا گیا۔ امید ہے الیکشن کمیشن سندھ اسمبلی کے واقعہ کا نوٹس لے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوپن بیلٹ کا قانون ہم لے کر آئے لیکن اس کیخلاف لیگی قیادت پیپلز پارٹی کی گود میں جا کر بیٹھ گئی۔ دونوں جماعتوں نے اس کی مخالفت شروع کردی۔ آرٹیکل 218 کے تحت الیکشن کمیشن بیلٹ دیکھ سکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے معاملے پر عدالتی فیصلے پر من وعن عمل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ٹیکنالوجی سے اتفاق کرتے ہیں تاہم اس کے لیے وقت نہیں، ہمارے نزدیک یہ موقف کمزور ہے۔ سینیٹ الیکشن شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے

انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوتے لیکن یوسف رضا گیلانی کی مہم کیلئے کراچی سے اسلام آباد آئے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ یوسف گیلانی کو نامزد کرنے سے انقلاب آ جائے گا۔
 

Advertisement