اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزرا نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ان کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس فائل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وفاقی وزرا ریفرنس فائل کرنے پہنچے الیکشن کمیشن کا دفتر بند تھا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آج جو شرمناک ویڈیو سامنے آئی ہے، اس سے سینیٹ انتخابات کے سسٹم پر ایک بار پھر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے، سسٹم میں بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ساری ٹیکنالوجی موجود ہے لیکن الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگلے سال اسے استعمال کریں گے۔ ویڈیو آنے کے بعد کیا حالیہ الیکشن اسی طرح ہونے دیں؟ پی ڈی ایم کے پاس اخلاق والی کوئی بات ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آج علی حیدر گیلانی کے خلاف ریفرنس فائل کرنے آئے تھے لیکن الیکشن کمیشن کا دفتر ہی بند پڑا ہے۔ الیکشن کمیشن آفس میں کوئی نہ کوئی افسر موجود ہونا چاہیے تھا۔
فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوایسی شکایات کو فوری دیکھنا چاہیے۔ اس معاملے میں الیکشن کمیشن کو ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے۔اب کل صبح ریفرنس فائل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے الیکشن کمیشن کی دلیل کو ویڈیو نے غلط ثابت کر دیا ہے۔ امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ویڈیو کا فوری نوٹس لیں گے۔