اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو شکایتی خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سینیٹ انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے شکایتی خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے سینیٹ انتخابات سے قبل اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کیں، عمران خان نے اراکین اسمبلی کو 50 کروڑ روپے کے فنڈز کی یقین دہانی کرائی، خواتین اراکین اسمبلی نے وزیراعظم کے فنڈز دینے کی یقین دہانی کا اعتراف کیا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ عمران خان سینیٹ الیکشن کے پیش نظر ایم این ایز کو رشوت دینے کے مرتکب ہوئے، کرپٹ پریکٹسز اور رشوت دینے پر وزیراعظم عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ سینیٹ الیکشن میں اپنے ارکان سے ایک ووٹ بھی زیادہ لیا تو وہ بونس ہوگا، کٹھ پتلی حکومت کو ملک بھر میں بے نقاب کر دیا، قوم کو دکھا دیا کہ حکومت کے اپنے ارکان ان سے خوفزدہ ہیں، ہم مل کر ان کٹھ پتلی حکمرانوں کو یہاں سے نکالیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن سے ایک دن پہلے ہمارے امیدوار کو نااہل کروانے والی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، وہ حکومت جسے آنکھ بند کر کے الیکشن جیتنا تھا وہ پریشان ہے، حکمران پریشان ہیں کہ ان کی حکومت جا رہی ہے۔