ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے آڈٹ کے نظام کو مستحکم بنایا جائے، صدر مملکت

Published On 03 March,2021 09:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بہتر مالی انتظام اور خدمات کی فراہمی میں بہتری کیلئے بہترین عالمی معیار اور ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے آڈٹ کے نظام کو مستحکم بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

آڈیٹر جنرل نے صدر مملکت کو ادارے میں اصلاحات کے عمل پر بریفنگ دی۔ انہوں نے سرکاری اداروں میں مالی شفافیت یقینی بنانے،احتساب میں اضافہ اور آڈٹ میں بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ بریفنگ میں مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، ڈاکٹر عشرت حسین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آڈیٹر جنرل آف پاکستان فرخ حمید اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری وزارت خزانہ عامر محمود حسین بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بہتر مالیاتی انتظام اور خدمات کی فراہمی کیلئےآڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ادارے کو جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی، بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت برقرار رکھنے کیلئے پورے آڈٹ عمل کو کمپیوٹرائز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ کے عمل کو مستحکم کرنے کیلئے بین الاقوامی معیارات اپنانے کی ضرورت ہے، پیشہ وارانہ مہارت اور بہتر گورننس کیلئے اِدارے کے اندرونی ضابطے میں بہتری لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے حکام کی استعداد کار بڑھانے کیلئے خصوصی تربیت کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے، اصلاحات کے عمل کی تکمیل کیلئے وقت مقرر کیا جائے۔