اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیاست، تجارت، معیشت اور ثقافت سمیت باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وہ ازبکستان میں پاکستان کے نامزد سفیر سید علی اسد گیلانی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیاست، تجارت، معیشت اور ثقافت سمیت باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے، دوطرفہ اہمیت کے معاملات، علاقائی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کرنا ہوگی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی دوروں ، پارلیمانی تبادلوں اور وزارتی رابطوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نےنامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے ، ازبکستان میں پاکستانی تیار شدہ مصنوعات ،دوائیں اور خدمات کی برآمدات بڑھانے کیلئے كام کریں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور ازبکستان كے ساتھ ثقافتی روابط کو تقویت دینے کے لئے کام کیا جائے، دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے پارلیمانی تبادلوں کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔