پاک فضائیہ ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، صدر مملکت

Published On 25 February,2021 09:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

جمعرات کے روز شورکوٹ میں میراج اور کلرز ایوارڈز کی 50ویں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے محدود وسائل کے باوجود دشمنوں خصوصاً جنگی جنون میں مبتلا پڑوسی ملک بھارت کو مختلف مواقع پر اپنی جرات و شجاعت کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن کسی بھی جارحانہ اقدام کا سخت جواب دیا جائیگا جس طرح 27 فروری 2019ء کو دیا گیا تھا جب فضائیہ نے بھارتی طیارہ مار گرایا تھا۔

صدرمملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو خطے میں پائیدار امن کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا چاہئے۔

انہوں نے فضائیہ کے انجینئرز اور تکنیکی اہلکاروں کو میراج طیارے اڑانے کو برقرار رکھنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی سرکردہ فضائی اقوام میں سے ایک ہے جو اپنے تیار کردہ جنگی طیارے اڑا رہی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ مسلح افواج اور عوام کی گراں قدر قربانیوں کے باعث جیتی۔