اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ الیکشن کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس اہم فیصلے کا اعلان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے واضح ہو جائے گا کہ کون کہاں کھڑا ہے۔ وقتی طور پر تو یزیدی قوتوں کو کامیابیاں دکھائی دے سکتی ہیں لیکن حق اور باطل کی لڑائی ہم لڑتے رہیں گے۔ آج کا دن پاکستان کی جمہوریت کے لیے افسوسناک ہے۔ جمہوریت کے علمبرداروں نے آج جمہوری قدروں کو قتل کیا، ان کی نفی کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے نتائج سے ہمارے بیانیے کو تقویت ملی، ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے۔ یوسف رضا گیلانی کی جیت کیلئے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفافیت کی یقین دہانی اور اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہا۔ عمران خان کے بیانیے پر آج مہر ثبت ہوئی۔ گزشتہ سینیٹ الیکشن میں بھی ووٹوں کی خرید وفروخت ہوئی۔ ضمیروں کے سوداگروں نے ضمیروں کی خریداری کی۔ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔