خاتون اول کا داتا دربار کے قریب پناہ گاہ کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

Published On 01 March,2021 08:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) خاتون اول نے داتا دربار کے قریب پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد سے سہولتوں بارے استفسار کیا۔

تفصیل کے مطابق خاتون اول اچانک داتا دربار کے قریب پناہ گاہ کے دورے پر پہنچیں۔ ان کے دورے سے حکومت پنجاب اور ضلعی حکومت کے حکام مکمل لاعلم رہے۔

 

خاتون اول کے اچانک دورے کا مقصد پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لینا اور قیام پذیر افراد سے براہ راست حقیقی صورتحال معلوم کرنا تھا۔

انہوں نے دورے کے دوران پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد سے قیام اور کھانے کے حوالے سے سہولتوں بارے استفسار کیا۔ خاتون اول نے مجموعی طور پر پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے قائم پناہ گاہوں کا وزیراعلیٰ، صوبائی وزرا اور وفاقی حکومت کے نمائندے اچانک دورہ کرکے سہولتوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ خاتون اول نے بھی وزیراعظم کے ویژن کے تحت قائم پناہ گاہ میں خود تمام امور کا جائزہ لیا۔
 

 

خاتون اول نے پناہ گاہ میں کھانا بھی کھایا اور اس کی تعریف کی۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے مسائل پوچھے۔ لوگوں نے مسائل کے حل پر خاتون اول کا شکریہ ادا کیا۔

خاتون اول نے پناہ گاہ میں قیام وطعام کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پناہ گاہوں کی مرمت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کو چھت فراہم کی۔ یہ ان لوگوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے صلہ رحمی کا حکم دیا ہے۔ پناہ گاہوں میں مقیم لوگوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انسانیت کی خدمت سے اللہ تعالیٰ راضی ہوتا ہے۔

پناہ گاہ میں مقیم افراد نے خاتون اول سے گفتگو کرے ہوئے کہا کہ پناہ گاہ میں گھر جیسا ماحول ہے۔ پناہ گاہیں بنانا آپ کی حکومت کا مثالی اقدام ہے۔ پہلے فٹ پاتھ پر سوتے تھے، اب سکون سے رات گزارتے ہیں۔