راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نَصر انسانی ہمدردی کے مشن پر جبوتی اور سوڈان سے ہوتا ہوا مغربی افریقی ملک بینائن پہنچ گیا، پاک بحریہ کی جانب سے بینائن اور نائجرکے قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کو امدادی سامان فراہم کیا گیا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے امدادی سامان خصوصی طور پر منعقدہ تقاریب کے دوران دونوں ممالک کے حکام کے حوالے کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے دونوں ممالک کے اعلیٰ سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں حکومت اور امیرالبحر کی جانب سے دونوں ممالک کے عوام کیلئے خیرسگالی پیغام پہنچایا۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میزبان حکام کا امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نائجر میں تعینات پاکستانی سفیر کا بینائن کی بندرگاہ کوٹونو آمد پر مقامی حکام کے ہمراہ جہاز کا استقبال کیا۔ پی این ایس نَصر کی جانب سے دیئے گئے عشایئے میں دونوں ممالک کے اعلی حکام، سفارتی اور مقامی شخصیات نے شرکت کی۔