میرانشاہ: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کرکے تین دہشتگرد کمانڈروں سمیت 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ معلومات پرآپریشن کیا، آپریشن بویا اور دوسالی کےعلاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت مارے گئے۔ مرنے والوں میں تین اہم کمانڈر بھی شامل تھے، مرنے والوں میں عبدالعنیر عرف عادل (ٹی ٹی پی طوفان گروپ)، جنید عرف جامد (ٹی ٹی طارق گروپ) اور خالق شاہ دین عرف ریحان (ٹی ٹی پی صادق نور گروپ) شامل تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مرنے والے دہشتگرد 2009ء سے لیکر اب تک شہریوں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بارودی سرنگوں سے حملوں ،ٹارگٹ کلنگ ،اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے دہشت گرد علاقہ میں دہشت گردوں کی بھرتی بھی کرتے تھے آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد ہوا۔