اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ دھونس، دھاندلی اور غنڈہ گردی سے لیا۔
مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد کا ووٹ اراکین اسمبلی کو حبس بے جا میں رکھ کر زبردستی لیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ توہین آمیز سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آپ 2 تھپڑ ماریں گے تو ہم 10 ماریں گے۔ اخلاق اور تہذیب کا بھاشن اپنے پاس رکھیں۔ لیگی رہنماؤں پر حملے کی بہت بڑی قیمت چکانا پڑے گی۔ اب پتا چلا کہ غنڈہ اور سسلین مافیا کسے کہتے ہیں۔ ہم تمیز کے دائرے میں رہ کر تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) چھوٹی ریس کا گھوڑا نہیں ہے۔ حکمران جماعت پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ عمران خان کا وقت ختم ہو چکا ہے۔
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کو این اے 249 سے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔