اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخاب میں فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔ کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے سوالات پر ازخود تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
رکن پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں چار رکنی الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا نااہلی کے دائر درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی رہنما اپنے نئے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ گزشتہ سماعت پر والدہ کی علالت کے باعث پیش نہ ہوسکا، میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی ساتھ لایا ہوں، جس پر رکن کمیشن پنجاب نے کہا کہ معزز رکن اسمبلی کی بات پر یقین ہے۔
فیصل واوڈا کے نئے وکیل نے تیاری کیلئےمہلت کی استدعا کی تو درخواست گزار وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا خود جواب دینے کیلئے موجود ہیں، فیصل واوڈا نے دوہری شہریت پر جھوٹ بولا۔ رکن الیکشن کمیشن پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں کئی اہم کالم خالی چھوڑے گئے ہیں، فیصل واوڈا عام آدمی نہیں قانون ساز ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے آئندہ حاضری کی یقین دہانی کروائی جس پر الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 مارچ تک ملتوی کر دی۔