کوئٹہ: کوئلہ کان میں ریسکیو آپریشن مکمل، حادثے میں 6 کان کن جاں بحق، 2 کو بچا لیا گیا

Published On 12 March,2021 01:35 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلہ کان میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا، کان بیٹھنے سے 6 کان کن جاں بحق ہوئے اور 2 کو زندہ بچا لیا گیا۔

گزشتہ روز کوئٹہ کے قریب کوئلہ کان بیٹھ جانے سے کان کے اندر کام کرنے والے 8 مزدور پھنس گئے تھے، حادثے کے بعد مزدوروں کو بچانے کے لیے پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق آپریشن رات گئے تک جاری رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران 2 مزدوروں کو زندہ بچا لیا گیا اور 6 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں، پی ڈی ایم اے کے مطابق کان میں زہریلی گیس بھرجانے سے دھماکے کے باعث مٹی کا تودا گرگیا تھا۔ 6 کان کنوں کی لاشیں نکال کر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئیں۔

ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد انکے آبائی علاقوں کو منتقل کی جائیں گی جن کا تعلق بلوچستان کے علاقے کوئٹہ ، مسلم باغ اور چمن سے ہے۔ جاں بحق مزدوروں کی شناخت عبدالرحمان، سردارولی، مدد، عبدالرازق، شفیق اور محمد رحیم کے نام سے ہوئی ہے۔ 

Advertisement