بھارت: ٹریفک حادثے میں 20 خواتین سمیت 47 افراد ہلاک

Published On 16 February,2021 05:10 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک ٹریفک حادثے کے دوران ایک بچے اور 20 خواتین سمیت 47 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وسطی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آنے والے ایک بس حادثے کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق جس وقت بس نہر میں گری، اس وقت اس بس پر کم از کم 50 مسافر سوار تھے۔

یاد رہے کہ بھارت کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں ٹریفک حادثات کی شرح سب سے بلند ہے۔ 2019ء کے دوران اس ملک میں 1لاکھ 51 ہزار افراد ایسے حادثات سے ہلاک ہوئے تھے۔ اس طرح ہلاک ہونے والوں کی یومیہ تعداد چار سو چودہ بنتی ہے۔

مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔ مرنے والے 42 افراد کی لاشوں کو ان کے خاندان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مرنے والوں کو فی کس پانچ لاکھ روپے دیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں ایک بچے ، 20 خواتین سمیت 47 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے اس قدر خوفناک تھا کہ نہر میں گرنے کے بعد بس 3 گھنٹے تک پانی میں رہی جس کے بعد غوطہ خوروں نے بس کو تلاش کیا۔

دوسری طرف بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

Advertisement