اسلام آباد میں کورونا کا پھیلاؤ مزید تیز، تجارتی مراکز 3 روز بند رکھنے کا فیصلہ

Published On 14 March,2021 05:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کا پھیلاؤ مزید تیز ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے تمام تجارتی مراکز 3 روز کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کمرشل ایریاز بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ تمام تفریحی مقامات اور پارکس کو بھی 3 روز کیلئے مکمل بند رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں تین سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف الیون ون میں ایک روز میں 51 کیسز سامنے آئے جبکہ آئی ایٹ فور میں 53 اور آئی ٹین ٹو میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں" کورونا کا خدشہ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے دفاتر 2 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

ادھر کورونا وائرس کے خدشے کے سبب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے دفاتر کو 2 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے شعبہ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ،پبلک اکاؤنٹس اور خصوصی کمیٹیوں کے ہونے والے اجلاس منسوخ کر دیئے گئے، دفاتر کو 16 مارچ تک بند رکھا جائے گا۔ سی ڈی اے کو جراثیم کش ادویات سے تمام دفاتر کو ڈسانفیکٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ عملہ کو کورونا وائرس کی علامات کی صورت میں فوری ٹیسٹ کرانے کے احکامات ملے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق 17 مارچ سے متعلقہ افسران ضروری سٹاف کو آفس بلا سکیں گے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں داخل کے لیے ماسک کو لازمی قرار دیا گیا ہے،17 مارچ سے آفس ٹائم صبح 10 بجے سےشام4 بجے تک ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 7 شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ، شام 6 بجے کاروباری مراکز بند

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب حکومت نے عوام کے تحفظ کے لیے بڑے فیصلے کرتے ہوئے لاہور، راولپنڈی سمیت سات شہروں میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوگی۔

ان ڈور، آؤٹ ڈور شادی ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز 15مارچ سے مکمل بند، میڈیکل سروسز، پٹرول پمپس، اشیائے ضروریہ کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلی رہیں گی۔

تفریحی مقامات اور پارکس شام 6 بجے بند کرا دیئے جائیں گے۔ سینما ہالز اور تھیٹرز مکمل طور پر بند رہیں گے، سرکاری ونجی دفاترکو 50فیصد اسٹاف بلانے کی اجازت ہوگی۔ ان ڈور، آؤٹ ڈور میرج ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز کو پندرہ مارچ کو بند کیا جائے گا۔

ریسٹورنٹس اور کیفے میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ سماجی و مذہبی تقریبات میں 50 افراد شامل ہوسکیں گے۔ سات شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریاں اورکولیکشن سنٹرز 24گھنٹے کھلے رہیں گے۔ گراسری سٹورز،جنرل سٹورز، آٹا چکیاں، سبزی ،، پھل کی دکانیں، تنور اور پٹرول پمپس پورا ہفتہ 24گھنٹے کھولنے کی اجازت ہے جبکہ ٹائرپنکچر شاپس، فلنگ پلانٹس، ورکشاپس، سپئیرپارٹس، زرعی مشینری اورآلات کی دکانیں بھی کھل سکیں گی۔

 

Advertisement