آصف زرداری کا بیان میڈیا میں کیسے لیک ہوا؟ پی ڈی ایم کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی

Published On 16 March,2021 05:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کا بیان میڈیا میں لیک ہونے پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد میڈیا پر آصف علی زرداری کے بیان کی تشہیر اور اس پر تبصروں سے پریشان ہے۔ اجلاس میں شریک ارکان ایجنڈے کو بھول کر اس پر بات کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے یکطرفہ فیصلوں پر پی ڈی ایم سے کنارہ کش ہونے کی دھمکی دیدی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسے فیصلوں پر مجبور نہ کیا جائے جس سے ہماری راہیں ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے دو ٹوک خطاب پر پی ڈی ایم رہنماؤں میں سراسیمگی پھیل گئی۔ اجلاس میں شریک دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے (ن) لیگ اور جے یو آئی کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک محاذ پر لڑ رہے ہیں تو آپس کے معاملات پر الجھنا نہیں چاہیں۔

سیاسی قائدین کا کہنا تھا کہ یہ وقت اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کا ہے۔ اگر قربانیوں کی بات ہے تو سب نے قربانیاں دی ہیں۔ اگر استعفے نہیں دینے تو ٹھوس دلائل پیش کرنے چاہیں۔

ادھر وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو پی ڈی ایم سے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے، ہمارے لئے اصل چیلنج مہنگائی کی روک تھام ہے۔
 

Advertisement