اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے آغا سراج درانی کو ضمانت دینے کا ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ نئے فیصلے تک سپیکر سندھ اسمبلی کو گرفتار نہ کیا جائے۔
سپریم کورٹ میں سپیکر سندھ اسمبلی کی ضمانت منسوخی کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آغا سراج درانی کے اثاثے آمدن سے زائد ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ضمانت دینے کیلئے کوئی بنیاد تو ہونی چاہیئے، سندھ ہائیکورٹ نے فیصلے میں صرف کتابی گفتگو کی۔
عدالت عظمیٰ نے ہدایت کی کہ سندھ ہائیکورٹ آغا سراج درانی کی درخواست پر 2 ماہ میں فیصلہ کرے، ہائیکورٹ حقائق اور شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے، نیب مقدمات پر سماعت ہائیکورٹ کے سینئر ججز پر مشتمل بنچ کریں۔