اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام ملک کی ضرورت ہے، اپوزیشن پارلیمان میں ایک قدم آگے بڑھائیں اور انتخابی اصلاحات سے بات چیت کا آغاز کریں۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اچھی بات ہے اپوزیشن لانگ مارچ سے پیچھے ہٹی ہے، پارلیمان میں ایک قدم آگے بڑھیں، انتخابی اصلاحات کریں، نئے الیکشن قوانین اور الیکشن کمیشن کی تشکیل کرتے ہیں، عدالتی اور انتظامی اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں اپوزیشن تجاویز دے۔
یاد رہے گزشتہ روز پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو ہونے والا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ لانگ مارچ پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کی مخالفت پر ملتوی کیا گیا۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فیصلے کا اعلان کیا اور میڈیا سے مزید کوئی گفتگو کیے بغیر چلے گئے۔