کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو ایک اور کیس میں گرفتار کر لیا، ان پر 2019میں گھوٹکی میں واقع پولنگ اسٹیشن پر حملے کا الزام لگایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف ہنگامہ آرائی اور سرکاری کام میں مداخلت کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی، اس وقت پی ٹی آئی رہنما جناح ہسپتال کراچی میں زیر علاج ہیں۔ قبل ازیں حلیم عادل شیخ کو گزشتہ ماہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 کے ضمنی انتخاب کے دوران 2 مقدمات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ وزیر تعلیم سندھ اور پی پی رہنما سعید غنی نے حلیم عادل شیخ پر ووٹرز کو ہراساں کرنے اور فائرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔