اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم اور انتخابی اصلاحات کے لیے 10 رکنی سیاسی کمیٹی قائم کر دی۔ حکومت نے اپوزیشن سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی سیاسی کمیٹی میں پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری، شیخ رشید، شفقت محمود، عامر کیانی، سیف اللہ نیازی اور شبلی فراز شامل ہیں۔ سیاسی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم سے ملاقات کرے گی۔ کمیٹی معیشت، روزگار، ریلیف پیکجز اور سبسڈیز سے متعلق بھی حکومت کو تجاویز پیش کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے حکومتی رہنماوں نے ملاقات کی ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جلد کرائے جائیں، مقامی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل حل ہونگے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے بلدیاتی انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ماحول میں بلدیاتی انتخابات نہ کروائے جائیں۔