لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ افواج پاکستان 22 کروڑ پاکستانیوں کا فخر ہے، اداروں پر تنقید کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہی ملک میں امن آیا۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی کو سب سے پہلے ملکی و قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے، قومی اداروں کی مضبوطی ہی اصل میں پاکستان کی مضبوطی ہے، ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں کر نیوالے ناکام ہونگے، الحمد للہ آج ہر شعبے میں پاکستان درست سمت میں گامزن ہو رہا ہے، معاشی محاذ پر ملکی ترقی کو دنیا کے تمام عالمی ادارے تسلیم کر رہے ہیں۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنا خود کورونا کو دعوت دینے کے مترادف ہے، کورونا کی نئی لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے، احتیاط لازم ہے، عوام سے اپیل ہے کہ کورونا ایس او پیز پر ہر صورت مکمل عمل کر یں۔