لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نئے ڈیمز بنانے پر کام جاری ہے، ہزاروں ایکڑ اراضی کو بنجر ہونے سے بچایا جاسکے گا، زیر زمین پانی کا لیول بھی بلند ہوگا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ورلڈ واٹر ڈے کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ پانی اللہ کی انمول نعمت ہے، پاکستان زرعی، معدنی اور شاندار قدرتی خزانوں کے ساتھ بہترین آبی وسائل سے مالا مال ہے، آبی وسائل کو بروئے کار لاکر وطن عزیز کو دنیا کا خوشحال ترین اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے، پانی کے کم ہوتے ذخائر کو محفوظ بنانا قومی ذمہ داری ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے والی نسلوں کیلئے نئے آبی ذخائر بنانے کیلئے پر عزم ہے، ہماری حکومت صوبے میں پانی کو بچانے کیلئے ڈیمز بنانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، چھوٹے ڈیم اور آبی ذخائر بنا کر پینے کے پانی کی ضروریات پوری کریں گے، چھوٹے آبی ذخائر کے پراجیکٹ جلد مکمل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پانی قیمتی اثاثہ ہے، اسے کسی قیمت پر ضائع نہیں ہونے دیں گے، پانی کا ضیاع روکنے کیلئے ہماری حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے، شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پانی کو کفایت سے استعمال کریں، آج کی بچائی ہوئی ایک بوند کل کی نسلوں کے کام آئے گی، ورلڈ واٹر ڈے کو منانے کا مقصد عوام میں پانی کی اہمیت و ضرورت اور افادیت کے بارے میں شعور کو عام کرنا ہے۔