لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کا دائرہ کار دوبارہ لاہور تک محدود کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں باقاعدہ سمری پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایل ڈی اے میں ڈیپوٹیشن پالیسی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے ڈیپوٹیشن پالیسی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ایل ڈی اے میں افسران کی ڈیپوٹیشن پالیسی کو یکساں اور حقیقت پسندانہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپوٹیشن پالیسی کا جائزہ لینے کے لئے سب کمیٹی تشکیل دی جائے اور سب کمیٹی 7 روز کے اندر ڈیپوٹیشن پالیسی کے بارے میں حتمی رپورٹ پیش کرے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیپوٹیشن پالیسی کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے فائنل سفارشات پیش کی جائیں۔ اجلاس میں جوبلی ٹاؤن میں رہائشی پلاٹ قواعد وضوابط کے تحت پناہ گاہ اتھارٹی کو دینے کی منظوری دی گئی۔ رہائشی پلاٹ صرف پناہ گاہ کے قیام کیلئے ہی استعمال ہو سکے گا۔
اجلاس میں ایل ڈی اے کا دائرہ کار دوبارہ لاہور تک محدود کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس ضمن میں باقاعدہ سمری پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ایل ڈی اے کا دائرہ کار دوبارہ لاہور تک محدود کرنے کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 1975ء میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔