ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش کرنیوالی پی ڈی ایم خود انتشار کا شکار ہو چکی، عثمان بزدار

Published On 21 March,2021 08:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش کرنے والی پی ڈی ایم خود انتشار کا شکار ہو چکی ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ استعفوں پر ایک دوسرے کے دست وگریباں ہونے والے عناصر تنہا ہو چکے ہیں۔ ایک ہی ”گھاٹ سے پانی پینے کے دعویدار“ اب کسی کو منہ دکھانے کے لائق نہیں رہے۔ پی ڈی ایم میں سب مفاد پرست جمع ہیں، ان کا کوئی ایجنڈا نہیں، جو استعفوں پر آپس میں لڑ پڑیں وہ راہنمائی کے کیسے دعویدار ہو سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ عناصر راہنماؤں کے روپ میں راہزنوں کا ٹولہ ہے۔ ہمیشہ سچ کو کامیابی ملتی ہے اور جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔ دنیا نے دیکھا کہ جھوٹ بولنے والے آج رسوا ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے سچی اور شفاف قیادت کو سرخرو کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا جو حشرہوا وہ منفی سیاست کرنے والوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔ تحریک انصاف صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اڑھائی برس میں بلا امتیاز عوام کی خدمت کی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کی منفی سیاست ختم ہو چکی ہے اور پی ڈی ایم بند گلی میں پھنس چکی ہے۔ استعفوں کی ناکام سیاست کے بعد لانگ مارچ کی سیاست بھی ناکام رہی۔ مسترد شدہ عناصر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ اڑھائی برس میں جو کام کئے ہیں، سابق حکمران 30 برس میں نہیں کر سکے۔
 

Advertisement