لاہور: (دنیا نیوز) قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ کسی اجلاس میں طے نہیں ہوا تھا استعفے دینے ہیں، بہت سے اختلافات ہوتے ہیں لیکن میڈیا میں گفتگو نہیں ہونی چاہیے، کئی باتیں اشاروں میں کی جاتی ہیں، اشاروں میں رہنے دیں۔
پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے لاہور میں پریس کا نفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن ماننا چاہیے، گیلانی صاحب نے سینیٹ الیکشن کو لیڈ کیا۔ ان کا کہنا تھا آصف زرداری کی گفتگو لیک ہوئی لیکن وہاں اور بھی گفتگو ہوئی جو لیک نہیں ہوئی، کونسا اجلاس ہے جس میں ہونیوالی گفتگو لیک نہیں ہوتی، جو کچھ ہوا مناسب نہیں ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ہم بات چیت کیلئے ہر حد تک جائیں گے، آصف زرداری 14 سال جیلوں میں رہے اور مشکلات برداشت کیں، ہم کوئی پینترہ نہیں بدل رہے، جو باتیں ہوئی ان کو چھوڑیں، ہم اپنے اصولوں کیساتھ کھڑے ہیں، اگر ہم واقع حقیقی تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا، پی ڈی ایم میں طے ہوا تھا فیصلے اتفاق رائے سے ہوا کریں گے، سی ای سی کے بعد پارٹی پوزیشن واضح کریں گے۔