لاہور: (دنیا نیوز) امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید کی وفاقی وزیر علی حیدر زیدی سے ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر اور مضبوط ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، مسئلہ کشمیر پر عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر کے بعد امریکہ میں مائنڈ سیٹ تبدیل ہوا ہے، کئی انڈین نژاد امریکی کانگریس بھی مودی کی سوچ کے خلاف اور عمران خان کی سوچ کے حامی ہیں، جوبائڈن حکومت میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔
طاہر جاوید نے کہا کہ افغانستان میں امن کے حوالے سے پاکستان کا ہمیشہ سے ایک کردار ہے، پاکستان کے افغانستان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ امریکہ کی جانب سے جلد کمیونیکشن کا آغاز ہوگا، جوبائڈن نے اپنی پہلی تقریر میں ہی دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات مزید بہتر کرنے کا پیغام دیا، امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرے گا، صدر جوبائیڈن دہشت گردی کے خلاف اور قیام امن کے لئے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے دور میں نسلی امتیاز کے واقعات کو ہوا دی گئی، پاکستان اور امریکہ مل کر مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھا سکتے ہیں۔